تل ابیب (ر پورٹنگ آن لائن)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے اسرائیل اور بحرین کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے کو امن کے نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے اورکہاہے کہ اگست کے وسط میں امارات کے ساتھ معاہدے کے بعد بحرین کے ساتھ اسرائیل کا امن سمجھوتا تل ابیب کی تاریخی کامیابی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جلد ہی دوسرے عرب ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے ساتھ تعلقات استوار کریں گے۔
ایک بیان میں بنجمن نیتن یاھو نے اسرائیلی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے ہم وطنوں! میں آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوش ہوں کہ ہم ایک اور عرب ملک بحرین کے ساتھ ایک اور امن معاہدے پر پہنچے ہیں۔ یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تاریخی امن میں مزید اضافہ ہے۔









