لاہور (رپورٹنگ آن لائن) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بجٹ میں ہر چیز کو مہنگا کردیا گیا ،غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے رہی ہے،حکومت کی غلط پالیسیاں غربت میں اضافہ کررہی ہیں،جے یو آئی عنقریب اس اہم معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے متحدہ ایکشن کمیٹی سرکلر روڈ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جے یو آئی پنجاب حافظ نصیر احمد احرار، ترجمان جے یو آئی پنجاب حافظ غضنفر عزیزبھی موجود تھے جبکہ وفد میں ایکشن کمیٹی کے سرپرست ملک خالد، چیئرمین حاجیطاہر نوید، صدر شاہد اسلم، نائب صدر رانا مجاہد ،حاجی خالد، حاجی اعجاز احمد، محمد اکرم، آفتاب مقصود، محمود حماد، نعمان بٹ ،آفتاب احمد ، حاجی منظور آفریدی ،جنرل سیکرٹری لاہور حافظ عبدالرحمن،طارق خان،صدر بزنس فورم لاہور عبدالعزیز غازی شامل تھے ۔
ایکشن کمیٹی نے مولانا فضل الرحمن کو شاہ عالم مارکیٹ و سرکلر روڈ پر سات ہزار دکانوں پانچ سو گھروں کی ممکنہ مسماری پر بریفنگ دیتے ہوئے لاکھوں افراد کا روزگار بچانے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا ہے ہم بھی مولانا فضل الرحمن سے تعاون چاہتے ہیں۔ حکومت ہمارا روزگار چھیننا چاہتی ہے ،مولانا فضل الرحمن کی طاقت اور سیاسی حکمت عملی کے سامنے حکومت بھی بے بس ہوجاتی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے تاجروں کی متحدہ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا ۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لیے لاکھوں افراد کو بیروزگار کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جے یو آئی پوری قوت کے ساتھ تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہر چیز کو مہنگا کردیا گیا غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے رہی ہے، حکومت کی غلط پالیسیاں غربت میں اضافہ کررہی ہیں، جے یو آئی عنقریب اس اہم معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے گی۔ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر جے یو آئی وفد آج ( منگل ) شاہ عالم مارکیٹ میں متاثرین سے ملاقات کرے گا۔