ہارون اختر خان

بجٹ میں حکومت نے تنخواہ دار طبقہ کیلئے ٹیکس کی شرح کو کم کیا، ہارون اختر خان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ بجٹ میں حکومت نے تنخواہ دار طبقہ کیلئے ٹیکس کی شرح کو کم کیا اور تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ دیا اور توانائی کی نئی ٹیرف پالیسی کا بھی اعلان کیا جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی طرف سے حال ہی میں بجلی کی قیمتیں کم کی گئی ہیں اور بجٹ میں رئیل سٹیٹ، کنسٹریشن، تجارت، کاروبار، زراعت اور ماحولات کے شعبوں پر توجہ دی گئی ہے، ایف بی آر اور کسٹم کے شعبوں میں اصلاحات کی تجاویز دی گئی ہیں جس سے معاشی بہتری آئے گی اور کاروباری طبقے کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ دنیا مائیکرو اکنامک اعشاریئے جی ڈی پی کی بنیاد پر مقرر کرتے ہیں اور پاکستان میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور مجموعی ترقی کی پیداوار اور شرح نمو میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے زرعی پیداوار متاثر ہوئی ہے اور امید ہے کہ آئندہ برسوں میں پیداوار میں بہتری آئے گی جس سے افراط زر کو 7 فیصد پر لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ افراط زر میں کمی آنا سب سے بڑا تحفہ ہے، ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے الیکٹریکل وہیکل پالیسی میں رعایت دے رہے ہیں تاکہ اس شعبہ کے فروغ کے ذریعے کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی آئے اور ماحول بہتر ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات کو کم کر کے زرعی پیداوار میں بہتری لائی جا سکتی ہے جس کیلئے حکومت بھرپور کوشاں ہے۔