اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کا بجٹ غریب کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکا ہے۔
اسلام آبادہائی کورٹ کے باہر گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ ہمیں کوئی بجٹ کا ڈاکومنٹ نہیں دیا گیا، سارا عمل غیر قانونی تھا، سرکاری ملازمین گزشتہ روز اسلام آباد میں احتجاج کر رہے تھے، وزیراعظم ہاؤس کا بجٹ 17 فیصد بڑھ گیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 10 فیصد بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں جو ٹرائل ہونے تھے منسوخ کیے گئے، 5 جون کو کیس مقرر کیا گیا تھا، پھر 11 جون کو سماعت ہونی تھی۔عمر ایوب نے کہا کہ جہاں جج ہماری سماعت نہیں کرسکتے وہاں کیا آئین اور کیا قانون ہوگا؟ جس طرح یہ کام کیے جارہے ہیں یہ سب بنانا ری پبلک میں ہوتا ہے۔
اوچھی حرکتوں سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے قد کاٹھ میں کمی نہیں لائی جاسکتی۔انہوںنے کہاکہ گرمی میں بشریٰ بی بی کو گندا پانی اور خراب کھانا فراہم کیا جارہا ہے، بشریٰ بی بی کے عزیز و اقارب سے ان کی ملاقات نہیں ہونے دی جارہی، بانی پی ٹی آئی سے سیاسی قیادت کی ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔