لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت سے فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی لہر کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کم از کم 15روپے یونٹ کمی کرکے اسے منجمد کیا جائے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں حال ہی میں 4روپے 85پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اب دوبارہ نئی درخواست دائر کردی گئی جس میں3روپے15پیسے اضافہ مانگا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام پہلے ہی انتہائی مہنگی بجلی استعمال کر رہے ہیں اور اب تو یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کی سکت بھی نہیں رہی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ ہے کہ ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں صارفین پر بوجھ ڈالنے کا سلسلہ روکاجائے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی از 15روپے یونٹ کمی کرکے اسے منجمد کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔ اس اقدام سے ملک میں مہنگائی کی لہر میںبھی کمی آئے گی ۔انہوںنے کہا کہ ملک میں نئے آبی ذخائر تعمیر کرنے کی جانب بھی توجہ دی جائے تاکہ پانی کے ذریعے سستی بجلی کا حصول ممکن ہو سکے۔