کراچی(رپورٹنگ آن لائن)امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مڈل کلاس طبقہ رل گیا ،کراچی کے حال پر رحم کیا جائے،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کمی ہونی چاہیے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں نلکوں میں پانی نہیں آ رہا ٹینکر مافیا کے پاس آ رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کمی ہونی چاہیے، اربوں روپے کھا کر کہتے ہیں کہ چوری ہو رہی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر میں بارشوں کے بعد معمولاتِ زندگی متاثر ہو جاتے ہیں،گزشتہ سال شادمان نالے میں دورانِ بارش فیملی گر گئی تھی، تیز بارش ہو گئی تو شہر کی کیا صورتِ حال ہو گی، تصور سے بھی باہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایڈمنسٹریٹر بھی مرتضیٰ وہاب تھے آج بھی وہی میئر ہیں، اس وقت صوبے کا جو حال ہے یہاں ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج تک ٹائون چیئرمینز کو اختیارات بھی نہیں دیئے گئے، یو سی کے لوگوں کو بھی اختیار نہیں دیا گیا، لوگوں نے خطوط بھی لکھے ہیں،کراچی کے حال پر رحم کیا جائے، یہ تماشا ختم ہونا چاہیے، مڈل کلاس طبقہ رل گیا ۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو اب نگراں وزیرِ اعظم بنایا جارہا ہے، زیادہ زمینیں رکھنے والے ظالم لوگ ٹیکس نہیں دے رہے، ان لوگوں کی حفاظت اسحاق ڈار کر رہے ہیں، یہ خود ٹیکس لگاتے ہیں، آئی ایم ایف ان کو مجبور نہیں کرتا۔