اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو بجلی بلوں میں فوری ریلیف فراہم کریں۔
جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بجلی کے موجودہ بل عوام کی برداشت سے باہر ہیں۔ ان پر اب بجلی بلوں کا مزید بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا۔ جشن آزادی کے موقع پر حکومت عوام کو بجلی بلوں میں کمی کی خوشخبری دے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری بجلی بلوں کی مد میں ریلیف فراہم کیا جائے۔ اس حوالے سے وفاقی، اور صوبائی حکومتیں بجلی بلوں میں فوری ریلیف کا ایسا لائحہ عمل بنائیں، جس سے بجلی کے نرخوں کو کم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں ریلیف کی صورت میں عوام کو فوری سہارا فراہم کریں تاکہ وہ سکھ کا سانس لے سکیں۔