صدر اشرف بھٹی

بجلی ، گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے سے عوام پر سکتہ طاری ہے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے بجلی کے بنیاد ی ٹیرف میں 5روپے اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی عوام بجلی بم کے گرنے سے سکتہ سے باہر نہیں آئے اور حکومت نے گیس کی قیمتیں بڑھانے کی نوید بھی سنا دی ہے ،

بجلی اور گیس کے ٹیرف میں اضافے سے ہر طرح کی مصنوعات کی پیداواری لاگت بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کا ایلیٹ طبقے پر نفاذ کیا جائے لیکن بد قسمتی سے اس کا سارا بوجھ غریب طبقات پر پڑتا ہے ، مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے جس کی وجہ سے ہر طرح کے کاروبار میںمندی کا رجحان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سے اپیل ہے کہ سر جوڑ کر بیٹھیں اور آئندہ عام انتخابات کے نتیجے میں جو بھی حکومت آئے سب سے پہلے آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں5روپے اضافے سے جہاں ایک طرف عوام پر بوجھ پڑے گا وہیں مہنگی بجلی سے چوری بڑھنے سے لائن لاسز میں بھی اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ بجلی ،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں کو ایک سطح پر منجمد کیا جائے ۔