محمود اچکزئی 14

بانی کی بینائی متاثر ہوئی تو اس کا ذمے دار کون ہو گا؟ محمود خان اچکزئی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ علاج کرانا بانی پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج میں کسی کو گالی دی جائے گی نہ ہی کوئی پتھر اٹھایا جائے گا، احتجاج مکمل طور پر پْرامن ہو گا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ احتجاج بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی کا فوری علاج کرایا جائے، علاج کرانا بانی پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ گھر والوں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بانی کا معائنہ ان کے ذاتی معالج سے کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کے ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث بانی کی بینائی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی کی بیماری کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور اگر انہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے تو اس میں کیا حرج ہے، اگر خدانخواستہ ان کی بینائی متاثر ہوتی ہے تو اس کا ذمے دار کون ہو گا؟محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمنٹ آنے والی تمام سڑکیں بند ہیں تاہم ہم پْرامن احتجاج کے وعدے پر قائم ہیں اور اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں