اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سینیٹر حامد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے اکاﺅنٹ سے ٹویٹ کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی، پیغام دیا گیا کہ مینڈیٹ قبول نہ کریں تو اس پر 1971 کی مثال قائم کریں گے، بانی پی ٹی آئی کو انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ہر بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے،
پی ٹی آئی کبھی بھی ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مﺅقف ہے کہ سپریم کورٹ خصوصی نشستوں کے معاملے کو سنے ، مشکور ہیں کہ مخصوص نشستوں پر فل کورٹ بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے، امید ہے مخصوص نشستوں کے کیس کا تعصب سے ہٹ کر فیصلہ کیا جائے گا۔
حامد خان نے کہا کہ 9مئی والی پٹیشن کو ابھی تک ایڈریس نہیں کیا گیا۔8فروری کو الیکشن سے متعلق پٹیشن کو بھی ابھی تک نہیں دیکھا گیا۔ہمارا مطالبہ ہے کہ 9مئی کے واقعات سے متعلق پٹیشن کو دیکھا جائے۔لیگل ٹیم کوشش کررہی ہے لیکن سماعت میں تاخیر ہوتی ہے تو کیا؟سائفر کیس میں ہمارے مخالفین تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔