بانی پی ٹی آئی

بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست 4 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست 4 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اس حوالے سے کازلسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر 4 نومبر کو سماعت کریں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے جبکہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت دیگر فریقین سے بھی عدالت نے جواب طلب کر رکھا ہے۔

درخواست گزار شہری غلام مرتضیٰ نے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ کے ذریعے درخواست دائر رکھی ہے۔اس درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی غیرقانونی اور بدنیتی پر مبنی ٹوئٹس ہٹانے اور بلاک کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں قید کے دوران ایکس اکاؤنٹ سے مبینہ انتشاری پوسٹس ہٹانے اور پھیلانے سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔