راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جہاں عدالتی فیصلوں کو جوتے کی نوک پر رکھاجائے وہ ملک نہیں کہلا سکتا، جہاں پک اینڈ چوز کیا جائے اسکا مطلب عدالتیں اپنا وقار کھو چکی ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ہمیں دوسری مرتبہ ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اس سے ظاہر ہوتا ہے عدالتی فیصلے کوئی معنی نہیں رکھتے، کوئی ملک جہاں عدالتی فیصلوں کو جوتے کی نوک پر رکھا جائے وہ ملک نہیں کہلا سکتا، جہاں پک اینڈ چوز کیا جائے اسکا مطلب عدالتیں اپنا وقار کھو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں اور ججز جو قانون کے مطابق فیصلے دیتے ہیں،اگر اس پر کوئی عمل درآمد نہیں کرتا تو اس پر سزا کا بھی تعین کریں، جب عوام دیکھیں گے کہ عدالت کا کوئی مقام و حیثیت نہیں تو وہ کیوں قانون کا احترام کریں گے، عوام کنفیوژن کا شکار ہیں، جتنے قیدی یہاں بیٹھے ہیں انکو عدالتوں نے ہی سزا دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ملاقات نہ کروانا عدالت کے فیصلے کی کھلم کھلا توہین ہے۔