طارق فضل چوہدری 15

بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں کی صحت کی ذمہ داری حکومت کی ہے ،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں کی صحت کی ذمہ داری حکومت کی ہے اور حکومت یہ ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھا رہی ہے، 8 فروری کو کے پی کے سمیت ملک بھر میں پہیہ جام و شٹر ڈائون ہڑتال کی ناکامی کے بعد بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست ہو رہی ہے۔

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو پہیہ جام ہڑتال کی پی ٹی آئی کی کال بری طرح ناکام ہوئی ہے، خیبرپختونخوا میں پشاور میں بھی شٹر ڈائون نہیں ہوا اور پہیہ چلتا رہا ہے، اسی روز مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے پشاور میں تاریخی جلسہ کیا جبکہ پی ٹی آئی کہیں جلسہ بھی نہیں کر سکی، اس روز بانی پی ٹی آئی کے رشتے داروں سمیت ان کی پارٹی کے لوگ بسنت مناتے رہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 24 جنوری کو ایک انجکشن لگا ،جلد دوسرا انجکشن اور ایک ماہ بعد تیسرا انجکشن لگے گا، یہ انجکشن معروف معالجین اور بہترین ہسپتال میں لگایا جائے گا، ان کو علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاہم سوشل میڈیا بریگیڈ کا اطمینان ہماری ذمہ داری نہیں ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت خود شاہراہیں بند کر رہی ہے جس سے 8 مریض ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے جاں بحق ہوئے اور جنازوں کے راستے روکے گئے، اب ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد یہ سڑکیں کھلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت بڑے چیلنجوں سے نبرد آزما ہے، بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد اور انڈین پراکسیز پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، افغانستان سے دراندازی ہو رہی ہے،

ہمیں ایک قوم بن کر متحد ہو کر ان تمام چیلنجوں سے نمٹنا ہے، ملک میں اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، ایسے حالات میں تفریق اور تقسیم کی سیاست، صوبوں میں اشتعال کی پی ٹی آئی کی سیاست افسوسناک ہے، ہم پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی مریض کا آپریشن ورثا کی خواہش پر نہیں بلکہ ڈاکٹرز نے کرنا ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی کا تحریک انصاف کی درخواست کے بغیر پمز میں معائنہ کرایا گیا، انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں