لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران عمران خان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھ کر جو نتائج حاصل کرنا چاہتے تھے وہ اس میں آ ج تک کامیاب ہوئے ہیں نہ آئندہ ہو سکیں گے .
ہر طرح کے منفی ہتھکنڈے آزمائے جانے کے باوجود عمران خان آج بھی پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر اور عوام کے دلوں میں بستے ہیں ،قوم کا متفقہ مطالبہ ہے عمران خان کے اوپر قائم کئے گئے جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اوپر جھوٹے مقدمات قائم کئے جانے اور گرفتاری کے حوالے سے بہت پہلے قوم کو آگاہ کر دیا تھا .
ان شا اللہ یہ مشکل وقت بھی کٹ جائے گا اور پی ٹی آئی کی ساری قیادت سر خرو ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے ساری قوم کو بھارت کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیا ہے ، بھارت اپنی گیدڑ بھبھکیوں سے پاکستانی قوم کو مرعوب نہیں کر سکتا۔