عمر اکمل

بابر دوبارہ فارم کو بحال کرنے کے لیے اپنے فطری انداز میں کھیلیں’عمرااکمل

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل ایک مرتبہ بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئے۔

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل نے بابر کی حالیہ فارم پر بڑھتی ہوئی تنقید پر بات کی اور زور دیا کہ بابر دوبارہ فارم کو بحال کرنے کے لیے اپنے فطری انداز میں کھیلیں۔اپنے یوٹیوب چینل پر عمر اکمل نے بابر کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور مداحوں، ناقدین کو صبر کی تلقین کی۔عمر اکمل نے اسٹار بیٹر کو مشورہ دیا کہ وہ بڑھتے ہوئے دباؤ اور تنقید کے درمیان اپنے فطری انداز کے کھیل میں واپس آجائیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے لیکن وہ اب بھی پاکستان کا بہترین بلے باز ہے، میری بابر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو بھول کر صرف اپنی کرکٹ پر توجہ دیں۔ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ بابر سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں اور وہ نوجوان کرکٹرز کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

عمر اکمل کا کہنا ہے کہ اگر بابر اعظم اپنے نیچرل گیم کی طرح کھیلتا ہے تو رنز آئیں گے اور پھر وہ تیز رفتاری سے اننگز کھیل کر ٹی 20 اسکواڈ میں جگہ بنالے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف بابر اعظم نے 46 رنز بنائے تھے اس سے قبل وہ تین میچوں میں صفر، 1 اور 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔