کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق اسپنر سعید اجمل نے دعویٰ کیا ہے کہ بابر اعظم کے آؤٹ آف فارم ہونے پر ان کی سرعام تذلیل کی گئی۔ حالیہ انٹرویو میں سعید اجمل نے ٹیم مینجمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی ٹیم آگے بڑھتی ہے تو کوچز کا کردار صرف اور صرف کھلاڑیوں میں اعتماد پیدا کرنا ہوتا ہے، انہیں سب کچھ سکھانا کوچز کی ذمہ داری نہیں اگر کوئی کھلاڑی مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے تو کوچ کو ان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔
اسپنر نے کہا کہ بابر اعظم کو عوامی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی حوصلہ شکنی کی گئی۔سعید اجمل نے کہا کہ بابر کو اس حد تک نیچا دکھایا گیا کہ کھلے عام کہا گیا ٹی 20 میں جس طرح کے کھلاڑی کی ضرورت ہے وہ اس پر پورا نہیں اترے، اگر آپ کھلاڑیوں کی قدر نہیں کرتے تو وہ آپ سے کیسے سیکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے کھلاڑیوں کے مقابلے میں بابر اعظم کی ٹی 20 پرفارمنس کو تسلیم نہیں کیا گیا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ کیا آپ نے ہمارے کسی کھلاڑی کو ٹی 20 کرکٹ مختلف انداز سے کھیلتے دیکھا ہے؟ کیا آپ نے کبھی اپنی ٹیم کے کسی ایسے کھلاڑی کو دیکھا ہے جس کا اسٹرائیک ریٹ بابر اعظم سے زیادہ تھا، پھر بھی اسے عالمی معیار کا کھلاڑی سمجھا جاتا تھا؟ اس کے بجائے آپ نے اسے میڈیا میں اس تک ذلیل کیا کہ وہ دباؤ کا مقابلہ بھی نہیں کرسکے۔سعید اجمل نے کہا کہ اب ان کی مجبوری ایک بار پھر بابر کو ٹی 20 میں لے آئی ہے کیونکہ کوئی کھلاڑی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے قابل نہیں ہے۔