کراچی (رپورٹنگ آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی یاسر حمید نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ میں بابر اعظم کی موجودگی ٹیم کیلئے بہت فائدہ مند ہوسکتی تھی۔یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ایک سوال کہ جب بابر اعظم کو ٹیم میں واپس ہی لانا تھا تو ان کو نکالا کیوں گیا؟ اس کے جواب میں یاسر حمید نے کہا کہ پوری دنیا بابر اعظم کو بڑا کھلاڑی مانتی ہے اور اس کا ثبوت انہوں نے گزشتہ ٹیسٹ میچ میں دیا۔ بابر کو ٹیم میں واپس لانے کا مشورہ چاہے کسی نے بھی دیا ہو یہ بہت اچھا فیصلہ ہے۔قومی ٹیم کی کپتانی سے متعلق انہوںنے کہاکہ ایشیا کپ میں سلمان علی آغا کے بحیثیت کپتان بڑے اور اہم فیصلے نظر نہیں آئے، بھارت کیخلاف تین میچ ہارے جو ناقابل قبول ہے۔
انہوںنے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ پی سی بی نے شاید اسی لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی سونپی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک بیسن نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی سے متعلق حکمت عملی سے پردہ اٹھا دیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ بابر اعظم کی واپسی ایک واضح ٹیم پلان کے تحت ہوئی ہے.