لیڈز (رپورٹنگ آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں کامیاب پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شروع میں ہر اوور میں دس یا آٹھ رنز بنانے کی حکمت عملی پر کاربند تھے،انشاء اللہ سیریز جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ابتدائی چند گیندیں احتیاط سے کھیلیں گے، اننگز کے آغاز میں محمد رضوان کے لیے مشکل ہوئی تو خود چارج لیا تاکہ پریشر نہ آئے۔ انہوںنے کہاکہ شروع میں ہر اوور میں دس یا آٹھ رنز بنانے کی حکمت عملی پر کاربند تھے۔ اس موقع پر محمد رضوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم دونوں کی کامیابی میں سب سے اہم بات ہماری کریز پر مشاورت ہوتی ہے، دوسرے اینڈ پر کھڑے ہوکر آپس میں مشاورت کرتے رہتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ میری رننگ بہتر بنانے میں بابر اعظم کا کردار اہم ہے، میں تو کیرئیر کے آغاز میں بہت مرتبہ رن آؤٹ ہوا مگر کپتان کے ساتھ کریز پر رننگ شاندار رہتی ہے۔ بابر اعظم نے کہاکہ شروع میں ڈیوڈ ویلے کو پچ سے مدد مل رہی تھی۔ محمد رضوان نے کہاکہ پارکنسن آیا تو کپتان نے سیدھے بیٹ سے کھیلنے کا مشورہ دیا۔ بابر اعظم نے کہاکہ انشاء اللہ سیریز جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ محمد رضوان نے کہاکہ مومنٹم بن گیا ہے، سیریز جیت سکتے ہیں۔