اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) بابا گرو نانک کی 552 ویں سالگرہ کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔ اس حوالے سے پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکھ یاتریوں کو بابا گرو نانک کے 552 ویں یوم پیدائش کے موقع پر تقریبا 3 ہزار ویزے جاری کر دیئے ہیں۔ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ سکھ یاتریوں کو یہ ویزے مذہبی مقامات کے دوروں کے حوالے سے 1974 کے پاکستان ۔ انڈیا پروٹوکول کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔
پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں گردوارہ جنم استھان اور کرتارپور میں گردوارہ دربار صاحب سمیت مختلف گردواروں کی یاترا کریں گے۔بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں مقیم ہزاروں سکھ یاتری اس تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔سکھ یاتری 17 سے 26 نومبر تک پاکستان میں بابا گرونانک کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کر سکیں گے۔پاکستانی ہائی کمیش نیو دہلی کے مطابق سکھ یاتری ننکانہ صاحب اور کرتار پور صاحب پر حاضری دینگے۔