لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے مجوزہ پنجاب لوکل گورنمنٹ بل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بل میں بلدیاتی نمائندوں کو نوکر شاہی کا غلام بنا دیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر کو اختیارات کا گھنٹہ گھر بنانا مقامی نظام کی نفی ہے۔
انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے اختیارات کو چیک کرنے کے لئے کوئی منتخب نمائندہ موجود نہیں ہوگا اوراختیارات کی نچلی سطح تک آپشنل منتقلی صوبائی حکومت کی مرضی پر ہو گی۔حسن مرتضیٰ نے کہا کہ یہ بل پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 140-Aکے متصادم ہے.
جس کے تحت ڈپٹی کمشنر حلقہ بندیوں پر بھی اثر انداز ہوں گے۔ا نہوں نے واضح کیا کہ اس قانون سازی کا اصل مقصد مخالف سیاسی جماعتوں کے عوامی نمائندوں کو بے اختیار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ لولہا لنگڑا بل لا کر مقامی حکومتیں قائم کرنے کا تاثر دینا چاہتی ہے،پیپلز پارٹی بااختیار عوامی نمائندوں کے بغیر لوکل گورنمنٹ بل قبول نہیں کرے گی۔









