اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ا فغان تنازعے کا فوجی حل نہیں ، مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، پاکستان افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے افغان قوم کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہو گا ، دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز اہم سنگ میل ہے ، افغان طلباءکو اعلیٰ تعلیم کیلئے مزید مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
بدھ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین افغان مصالحتی کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر مملکت نے افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ا فغان تنازعے کا فوجی حل نہیں ہے ، مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے ۔
افغان قیادت کو مسئلے کے سیاسی تصفیئے کیلئے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھنا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے افغان قوم کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہو گا ۔ دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز اہم سنگ میل ہے جبکہ افغان امن عمل میں روڑے اٹکانے والے عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وباءکے باوجود افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے سرحدی پوائنٹس کھول دیئے ہیں اور پاکستان نے افغانستان میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں ۔ افغان طلباءکو اعلیٰ تعلیم کیلئے مزید مواقع فراہم کر رہے ہیں ۔