قمرزمان کائرہ

اے پی سی کی بیٹھک سے ہی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے’قمرزمان کائرہ

کرمانوالہ ( ر پورٹنگ آن لائن) اے پی سی کی بیٹھک سے ہی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں حکومتی وزراء کے بیانات سے لگ رہا ہے کہ ان کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں ایک سے بڑھ کر ایک وزیر اپنی وفاداری کا ثبوت دینے کے لیے اپوزیشن کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سجادالحسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ قرضوں سے ملک اور مہنگائی سے عوام کو ڈبو دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ نیازی کہہ رہا تھا کہ قرضے نہیں لیں گے قرضوں سے بہتر موت ہے اب قرضے لینے میں وہ فخر محسوس کر رہے ہیں، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اے پی سی کے بعد نیب نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا شروع کر دیا ہے.

حکومت نے نیب کے ذریعے اپنے سیاسی مخالفین کو دبانے خوفزدہ کرنے اور گرفتار کرنے کا جو عمل شروع کیا ہے اس سے اپوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا گرفتاریاں بھی ہماری تحریک میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں کیونکہ تمام اپوزیشن جماعتیں کشتیاں جلا کر اس تحریک میں شامل ہونگیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جو تحریک حکومت کے خلاف چلے گی اس میں پاکستان پیپلز پارٹی کا کردار ہریاول دستہ کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ظالم، نااہل اور سلیکٹڈ وزیراعظم سے عوام کی جان چھڑائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں جبکہ عمران خان عوام کو گھبرانا نہیں، گھبرانا نہیں کالولی پوپ دیکر بے وقوف بنا رہا ہے ۔

جس دن سے نیازی حکومت آئی ہے ہر چیز آسمان سے باتیں کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ گندم جو ہر انسان کی بنیادی خوراک ہے اور پنجاب کی اپنی پیداوار ہے وہ غریب کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو چاہیے کہ وہ اپنی کمر کس لیں کیونکہ اب دما دم مست قلندر کرنے کا وقت آ گیا ہے انہوں نے کہا کہ حالیہ بجلی اور دوائیوں میں جو ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے اس سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی کا بدلہ عوام سے نہ لے اگر عوام اس مہنگائی کے خلاف باہر آگئی تو آپ کا اندر رہنا بھی مشکل ہو جائے گا لوگ حکومت سے بہت تنگ آچکے ہیں .

اور خودکشیاںکرنے پر مجبور ہیں اس لئے حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی کو ختم کرے اور غریب عوام کو سہولتیں فراہم کریں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے دینے کا آپشن بھی موجود ہے تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد اور وقت آنے پر یہ فیصلہ بھی کیا جائے گا ان شاء اللہ اس حکومت سے عوام کی جان چھڑانے کے لیے اب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو جو بھی قدم اٹھانا پڑا وہ اٹھائیں گے اور ظالموںسے عوام کی جان چھڑائیں گے ۔