شہباز اکمل جندران۔۔۔
لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے افسروں کی طرف سے خلاف قانون و ضابطہ ایگزیکیٹو الاونس لینے کے معاملے میں دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئیندہ سماعت پر صوبائی سیکرٹری سروسز کو طلب کرلیا ہے۔
توہین عدالت کی درخواست ایڈووکیٹ شہباز اکمل جندران نے دائر کی۔ جس کی سماعت عدالت عالیہ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے کی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ میں ڈائیریکٹر ایڈمن ارتضی امیر نقوی، سابق ڈائیریکٹر ایڈمن ذوالقرنین،ڈائریکٹر فنانس خالد محمود ٹیپو اور ڈائریکٹر پروڈکشن افضال احمد خلاف قانون و ضابطہ ہر ماہ تنخواہ کےہمراہ ایک لاکھ روپے سے زائد ایگزیکیٹو الاونس وصول کر تے رہے ہیں۔
اور اس سلسلے میں پی سی ٹی بی تحریری طور پر پر تسلیم بھی کر چکا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا عدالتی فیصلے کے باوجود سیکرٹری سروسز پنجاب نے متذکرہ افسروں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی۔
جو کہ توہین عدالت ہے۔
اس پر عدالت نے سیکرٹری سروسز کو آئیندہ پیشی پر طلب کرتے ہوئے سماعت 12 فروری تک ملتوی کردی ہے۔