ایف بی آر

ایکسپورٹ سہولت اسکیم کی آڑ میں کروڑوں کی ٹیکس چوری پکڑی گئی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) ایف بی آرنے ایکسپورٹ سہولت اسکیم کی آڑ میں کروڑوں کا فراڈ پکڑ لیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ایکسپورٹ سہولت اسکیم کی آڑ میں97 کروڑ 70 لاکھ روپے کی بڑی ٹیکس چوری پکڑی گئی۔ ڈائریکٹر کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ شیراز احمد کے مطابق 2 جعلساز کمپنیوں کے گٹھ جوڑ سے قیمتی دھات کے سانچوں کی درآمد میں ای ایف ایس کا غلط استعمال ہوا۔

جعلساز کمپنیوں نے قیمتی دھات کے47 کنٹینرز درآمد کیے۔ ایک ہزار 560 میٹرک ٹن مال غائب کرکے111 میٹرک ٹن ظاہر کیا۔ایک جعلساز کمپنی نے49کروڑ 90لاکھ اور دوسری کمپنی نے47کروڑ 80لاکھ روپے کا ٹیکس چوری کیا۔

ڈائریکٹر کسٹمز پی سی اے نے کہاکہ جعلساز کمپنیاں ایف بی آر کی ایکٹو رجسٹریشن فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ پی سی اے ساؤتھ نے تمام ایکسپورٹ کلکٹریٹس کو الرٹ جاری کردیا ہے۔ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔