گھپلا

ایکسائز ہیڈ آفس۔کمپیوٹر سٹیشنری۔خریداری کی آڑ میں بڑا گھپلا

تنویر سرور۔۔۔

ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ہیڈ آفس میں کمپیوٹر سٹیشنری کی خریداری کی مد میں مبینہ طورپر بڑا گھپلا کیا گیا ہے۔

گزشتہ مالی سال کے آخر میں سپلیمنٹری بجٹ کے تحت محکمے کے ہیڈ آفس کے لئے 77لاکھ 5 ہزار روپے کی گرانٹ جاری کی گئی۔جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر فرضی اور بوگس خریداری ظاہر کرتے ہوئے افسران نے اپنی جیبیں بھریں۔

ذرائع کے مطابق 77لاکھ 5 ہزار روپے کی رقم سے زیادہ تر پرنٹرز کے ٹونر اور پیپرریم ، خریدے گئے جبکہ بعض بل ٹونرز کی ری فلنگ کے بھی ظاہر کئے گئے۔

ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں فی کس ٹونر 20 سے 24 ہزار روپے میں خریدا گیا، حالانکہ مارکیٹ میں نئے ٹونر کی قیمت اس سے کہیں کم ہے۔

اسی طرح ڈی جی آفس میں ایک ٹونر کی ری فلنگ 5 سے ساڑھے 6 ہزار روہے تک ظاہر کی گئی۔ حالانکہ مارکیٹ میں اچھی اور امپورٹڈ سیاہی کے ساتھ ٹونرری فلنگ ایک ہزار روپے سے لیکر 15 سو روپے تک میں کی جاتی ہے۔

اور 77 لاکھ 5 ہزار روپے کی رقم سے محض پیپر ریم اور ٹونر ہی خریدے گئے یا ٹونرز کی ری فلنگ کی گئی۔اس کے سوا بجٹ کہیں خرچ نہیں کیا گیا۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ایکسائز کے ہیڈ آفس میں ہونے والے اس مبینہ گھپلے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔