شہباز اکمل جندران۔۔۔
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے حساس ادارے کی طرف سے نیلام کردہ گاڑیوں کی دستاویزات اور واوچرز کی آن لائن تصدیق تک ایسی گاڑیوں کی رجسٹریشن پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمے کے اعلی سطحی اجلاس میں بریف کیا گیا کہ حساس ادارے کی نیلامی کردہ گاڑیوں کی آڑ میں بعض جعلساز عناصر تکنیکی خامیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی کاغذات پر گاڑیاں رجسٹرڈ کرواتے ہیں۔جن کی مینوئل طریقے سے ویری فکیشن میں خامیاں پائی جاتی ہیں۔جس پر فیصلہ کیا گیا کہ
حساس ادارے کی طرف سے ایسی گاڑیوں کی آن لائن ویری فکیشن کے مرکزی نظام کے قیام تک ان گاڑیوں کو رجسٹرڈ نہیں کیا جائیگا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے رجوع کرتے ہوئے ان گاڑیوں کی رجسٹریشن کے سلسلے میں خصوصی لاگ ان اور یوزر آئی ڈیز جنریٹ کریگا۔جو حساس ادارے سمیت محکمے کے لئے ایسی گاڑیوں کی آن لائن ویری فکیشن کریگا۔
اس سلسلے میں ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب حساس ادارے سے رابطہ کرکے ویری فکیشن کے عمل کو شفاف بنائیں گی۔
جبکہ اس دوران تمام زیر التوا اور رجسٹریشن کے لیے آنے والی نئی گاڑیوں کی تصدیق کے لئے رجسٹریشن واوچرز راولپنڈی میں متعلقہ ادارے کے ہیڈ آفس ارسال کیئے جائینگے۔