ناجائز آمدن

ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں غیرقانونی ڈائریکٹوریٹ ناجائز آمدن کا ذریعہ؟

شہبازاکمل جندران۔۔۔

ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں گزشتہ پانچ برسوں سے ریجن ڈی لاہور کے نام سے ایک غیر قانونی ڈائریکٹوریٹ قائم ہے۔

یکم جولائی 2016 سے قائم اس ڈائریکٹوریٹ کو صوبائی حکومت تسلیم کرتی ہے نہ ہی حکومت نے اس ڈائریکٹوریٹ کے لئے پوزیشنز کی منظوری دی ہے۔ لیکن اس کے باوجود ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اس غیر قانونی ڈائریکٹوریٹ کو ختم کرتا ہے نہ ہی اس کے لئے فنڈز روکتا ہے۔اور ڈائریکٹوریٹ کے لئے خود ساختہ عہدے بنا کرتقرریاں بھی کرڈالی ہیں۔

لاہور ریجن ڈی میں شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور کے اضلاع کے علاوہ محکمے کی پرکشش ترین ایکسائز برانچ لاہور کو شامل کیا گیا ہے۔

ریجن ڈی کا چارج زیادہ تر موجود قائمقام ڈائریکٹر جنرل رضوان اکرم شیروانی کے پاس رہا ہے جبکہ اب کچھ عرصے سے ان کے چہیتے شاہد گیلانی کو اس ریجن کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے۔

ریجن ڈی میں مالی سال 2020-21 کے دوران 9 کروڑ 47لاکھ روپے خرچ کئے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے دو کوارٹرز کے لئے 4 کروڑ 77 لاکھ روپے ریلیز کئے جاچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قائمقام ڈی جی ایکسائز رضوان اکرم شیروانی اور ریجن ڈی لاہور کے موجودہ ڈائیریکٹر شاہد گیلانی اس ڈائریکٹوریٹ کا کسی صورت خاتمہ نہیں چاہتے اور اس کو ریگولرایز کروانے کے لئے ایک سے زائد مرتبہ سمریاں بھجوائی جاچکی ہیں لیکن صوبائی حکومت اس ڈائریکٹوریٹ کو قانونی حیثیت دینے کو تیار نہیں ہے۔