ایکسائز ڈیپارٹمنٹ

ایکسائز ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کا دو صوبوں میں پرمٹ رکھنے والے غیرمسلموں کے خلاف شکنجہ تیار،16کے پرمٹ کینسل کردیئے۔

رپورٹنگ آن لائن۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے ای ٹی او ایکسائز نے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں دوہرے پرمٹ بنوا کر مہنگے داموں بلیک میں شراب فروخت کرنے والے نان مسلم پرمٹ ہولڈروں کے خلاف شکنجہ سخت کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 16افراد کے پرمٹ کینسل کردیئے ہیں جبکہ جعلسازی کرنے پر ان افراد کی گرفتاری کے لیے رالپنڈی پولیس کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

جن پرمٹ ہولڈروں کے پرمٹ کینسل کئے گئے ہیں ان میں رابرٹ کھوکھر، عدنان اقبال،شارون جاوید،اقبال مسیح،جارج، فلپ مسیح، سائمن مسیح،لیاقت مسیح،راشدبھٹی اور دیگر شامل ہیں۔

صورتحال کے مدنظر،ای ٹی او ایکسائز راولپنڈی کی طرف سے ای ٹی او ایکسائز اسلام آباد اور رالپنڈی و اسلام آباد پولیس کو بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے انفارمیشن شیئرنگ پر اتفاق کیا گیا ہے۔
زرائع کے مطابق مذکورہ افراد نے راولپنڈی کے ایڈریس پر پنجاب اور پنجاب سے باہر وفاق دارالحکومت سے ہر ماہ 12بوتل شراب کنٹرولڈ ریٹ پر خریدنے کے لیے بطور غیر مسلم اپنے پرمٹ بنوا رکھے تھے۔حالانکہ قانون کے مطابق کسی بھی غیر مسلم شہری کو ملک بھر میں ایک ہی پرمٹ جاری کیا جاسکتا ہے جس پر وہ ہر ماہ 12بوتل تک شراب رعائتی نرخوں پر خرید سکتا ہے تاہم مذکورہ افراد نے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت سے غیر قانونی طورپر الگ الگ پرمٹ بنوارکھے تھے۔ اور سستے داموں شراب خرید کر لائسنس ہولڈر ہوٹلوں کے باہر ہی کھڑے ہوکر مہنگے داموں بوتلیں بیچنا شروع کردیتے تھے۔

صورتحال کا علم ہونے پر ای ٹی او ایکسائز راولپنڈی نے ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا اور ان کے پرمٹ کینسل کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس اور ای ٹی او ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد کو ان کے خلاف کارروائی کے لیے لیٹر بھی لکھ دیئے ہیں۔