رپورٹنگ آن لائن۔
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈنارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے ایک ہی دن میں دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ایک مرد اور ایک خاتون کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد کرتے ہوئے دو الگ الگ مقدمات درج کرلیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرایکسائز ٹیکسیشن اینڈنارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی عمران اسلم کی خصوصی ہدایات پر ای ٹی او ایکسائز رالپنڈی گلشیئر احمد کی سربراہی میں ایکسائز انسپکٹر جہانگیرخان،فیا ض بابر،کانسٹیبل ہاشم خان اور جواد محمود نے تھانہ روات کے علاقے میں مین جی ٹی روڈ پر ہیسکول پٹرول پمپ کے نزدیک ناکے کے دوران مخبری پر ایک بس کو روکا جس میں سے سرائے عالمگیر کے رہائشی عمران شہزاد کے قبضے سے ایک کلوسے بھی زائد کرسٹل آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
بعدازاں مذکورہ ٹیم نے اسی روز ایک دوسری مخبری پر راولپنڈی سے آنے والی ایک ہائی ایس گاڑی کو روکا اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھی کنزہ شہزادی نامی خاتون کی بذریعہ لیڈی پولیس تلاشی کے دوران ساڑھے تین سو گرام کرسٹل آئس برآمد کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ایکسائز کی ٹیم نے دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ روات میں دو الگ الگ مقدمات درج کرلیٗے ہیں۔
ڈائریکٹرایکسائز ٹیکسیشن اینڈنارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی عمران اسلم نے کامیاب کارروائیوں پر ای ٹی او ایکسائز گلشیئر احمد اور ٹیم کو شاباش دی ہے