ایکسائز ٹیکسیشن 175

ایکسائز لاہور میں کرپشن کا نیا باب۔موٹر برانچ جوہر ٹاون میں پہلے مالک کا نام ریکارڈ سے غائب کرکے خزانے کو فی گاڑی ایک سے 10 لاکھ روپے کا نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف سامنے آگیا

(رپورٹنگ آن لائن)ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ لاہور ریجن سی جوہر ٹاون میں جے سی او محمد علی اورانسپکٹر محمد نوید نئی لوکل گاڑیوں کی رجسٹریشن کے وقت NRTکیسوں میں پہلے مالک کا نام جعلسازی کرتے ہوئے کاغذات سے ڈیلیٹ کرکے ان رجسٹرڈ گاڑی خریدنے والے نئے مالک کا نام کمپیوٹر میں فیڈ کرتے ہیں جس سے قومی خزانے کو گاڑی کی مالیت، ہارس پاور، سائز اور دیگر کوائف کی روشنی میں ایک سے 10لاکھ روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جے سی او محمد علی اور انسپکٹر محمد نوید مبینہ باہمی ملی بھگت سے گزشتہ کئی ماہ سے جعلسازی کے ساتھ ساتھ قومی خزانے کو بھی بھاری نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر برانچ جوہر ٹاون میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران نئی رجسٹر ہونے والی گاڑیوں بکنگ اور پہلے مالک کے متعلق مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو خط لکھے جائیں تو حقائق سامنے آسکتے ہیں۔

ادھر ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جے سی او محمد علی اورانسپکٹر محمد نوید جعلسازی کا یہ عمل ایم آر اے رانا خوشنود کو لاعلم رکھ کر اور اس کی آنکھوں میں دھول جھونک کرجاری رکھے ہوئے ہیں۔اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ایم آر اے راناخوشنود کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی مکمل چھان بین کرینگے اورجعلسازی ثابت ہونے پر قصورواروں کی خلاف قرار واقعی کارروائی کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں