کیمیکلز

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی مبینہ ملی بھگت بڑے شہروں میں پرسٹن کیمیکلز کی شراب فروشی،ڈی جی ایکسائز نے کارروائی شروع کردی۔

رپورٹنگ آن لائن ۔ویہاڑی میں پرسٹین کیمیکلز نامی کمپنی کی جانب سے الکوحل کو شراب کے طور پر فروخت کرنے کے سنگین الزامات سامنے آ گئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو موصول ہونے والی درخواست میں کمپنی کے مالکان، مینیجرز طلحہ مبین اور راؤ مشتاق پر سنگین الزامات کے ساتھ ساتھ ایکسائز انسپکٹر ویہاڑی اور متعلقہ ای ٹی او پر براہ راست ملی بھگت، چشم پوشی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں معاونت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

درخواست گزار دیپالپور کے اصغر خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ طلحہ مبین اور راؤ مشتاق کی پرسٹین کیمیکلز، جو بظاہر کیمیائی مصنوعات کی تیاری اور فروخت کا کاروبار کرتی ہے، اصل میں الکوحل کو فارم ڈی-20 اور دیگر جعلی دستاویزات کی آڑ میں لاہور۔ گوجرانولہ اور شیخوپورہ میں شراب کے طور پر فروخت کرتی ہے۔

درخواست میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ کمپنی کی یہ سرگرمیاں ایکسائز انسپکٹر ویہاڑی سرفراز بھٹی اور متعلقہ ای ٹی او کی مکمل ملی بھگت سے جاری ہیں۔ مزکورہ ملازمین پر الزام ہے کہ وہ نہ صرف جعلی دستاویزات کو نظر انداز کرتے ہیں بلکہ کمپنی کو تحفظ بھی فراہم کرتے ہیں ۔

درخواست میں ڈی جی ایکسائز سے فوری طور پر مطالبہ کیا گیا ہے، فوری طور پر ٹیم تشکیل دیتے ہوئے پرپیسٹن کیمیکلز پر چھاپہ مارتے ہوئے کمپنی کے ریکارڈز، اسٹاک اور دستاویزات کی فوری ضبط کرکے ایکسائز انسپکٹر ویہاڑی اور متعلقہ ای ٹی او کو معطل کیا جائے اور ان کے خلاف انکوائری شروع کی جائے

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ذرائع کے مطابق، ڈی جی آفس نے درخواست کا نوٹس لے لیا ہے اور ویہاڑی میں ایک اعلیٰ سطحی ٹیم روانہ کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔

شہری و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف تحقیقات یقینی بنائی جائیں اور پریسٹن کیمیکلز کے طلحہ مبین اور راؤ مشتاق کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے معاملے میں ملوث ملازمین کو عبرت ناک سزا دی جائے۔