انسداد سموگ

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کی زیر صدارت انسداد سموگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس

اوکاڑہ
( شیر محمد)اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد عبدالقیوم، چیف آفیسر ضلع کونسل فدا افتخار میر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خان سمیت ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران نے بھی شرکت کی، تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے سموگ کے خاتمہ کے سلسلہ میں کیے جانے والے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان نے کہا کہ الودگی سے بچاؤ اور ایئر کوالٹی انڈیکس کی بہتری کے لیے حفاظتی اقدامات از حد ضروری ہیں،

ماحول کو سموگ فری بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکار ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر سموگ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والی فٹنس سرٹیفیکیٹس کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں، سخت کاروائیوں کا مقصد خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو قانون کا پابند بنانا ہے، سکولوں میں بچوں کو ماسک لگانے کا پابند کیا جائے، الودگی کی روک تھام کے لیے کوڑے کرکٹ کو ہرگز آگ نہ لگائی جائے، زیر تعمیر عمارتوں کی مٹیریل کو کور کروایا جائے اور پانی کا چھڑکاؤ بھی تواتر سے کیا جائے،

اس سلسلہ میں ستھرا پنجاب کمپنیاں اور میونسپل کمیٹی کے حکام اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، محکمہ زراعت کے فصلوں کی باقیات کو جلانے والے کسانوں کے خلاف سخت کاروائیاں کریں، اس کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو سموگ کے خطرات اور احتیاطی تدابیر بارے موثر آگاہی بھی فراہم کریں۔