اسلام اباد(رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ ایوان کے ماحول کو خوشگوار رکھنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام پارلیمانی لیڈرز بجٹ اجلاس کے دوران ایوان کے ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے کردار ادا کریں، ہنگامہ آرائی اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے والے اراکین پر اسمبلی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
بدھ کو اسپیکر قومی اسمبلی نے قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں بجٹ اجلاس کے دوران ایوان کے ماحول کو سازگار رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا گزشتہ روز ایوان میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات قابل افسوس ہیں، ایوان کے ماحول کو خوشگوار رکھنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام پارلیمانی لیڈرز بجٹ اجلاس کے دوران ایوان کے ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے کردار ادا کریں،
گزشتہ روز اجلاس میں ایوان میں ہنگامہ آرائی اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے والے اراکین پر اسمبلی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ قائدِ حزب اختلاف محمد شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے اسپیکر سے اتفاق کیا ۔ دونوں رہنماوں نے ایوان کے ماحول کو پر امن رکھنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔