شفقت محمود 230

این سی او سی نے آج سے دوسرے مرحلے میں سکولز کھولنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)این سی او سی نے آج سے دوسرے مرحلے میں سکولز کھولنے کی اجازت دے دی، چھٹی سے آٹھویں کلاسز کا آغاز ہوگا اور سات روز بعد پرائمری اسکولزکھولنے کا فیصلہ کریں گے۔ منگل کو ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ بدھ سے چھٹی تا آٹھویں جماعت کی کلاسیں شروع ہوں گی۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزادکشمیر،گلگت بلتستان میں چھٹی تا آٹھویں جماعت کی کلاسز شروع ہوں گی۔شفقت محمود نے کہاکہ گزشتہ ایک ہفتے سے صحت کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا، تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،ملک بھر میں تعلیمی ادارے این سی او سی کے فیصلے کے تحت کھولے گئے ہیں، پاکستان میں کورونا کی شرح دیگر ممالک سے انتہائی کم ہے، تعلیمی اداروں کی ایس او پیز سے متعلق سخت مانیٹرنگ کی گئی ہے،

این سی اوسی میں فیصلہ ہوا تھا کوئی بھی ادارہ امتحان لے سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ کئی اسکول اس لیے بند کیے گئے کیوں کہ انہوں نے ضابطہ کار پر عمل نہیں کیا، اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا کیسز میں خاطرخواہ اضافہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کی مشاورت کے بعد اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، بہتر ہوتا تمام صوبے ایک ہی وقت میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کرتے تاہم صوبہ سندھ نے مزید ایک ہفتہ نظرثانی کے لیے مانگا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک بھر میں اسکول کھلنے کے بعد گزشتہ ہفتے میں کورونا کیسز میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی اور کورونا کیسز کی شرح میں پہلے سے زیادہ اضافہ نہیں ہوا۔انہوں نے بتایاکہ کورونا کی صورتحال دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ چھٹی سے آٹھویں کلاسز کو بدھ سے کھولا جائے گا۔

معاون خصوی نے والدین اور اساتذہ سے گزارش کی کہ بچوں میں ماسک کے استعمال کویقینی بنائیں۔یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بدھ سے ملک بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کیلئے اسکول کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ این سی او سی نے نویں دسویں اور بڑی جماعتوں کو 15 ستمبر سے جب کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکولوں کو 22 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم حکومت سندھ نے کورونا کیسز بڑھنے کے پیش نظر دوسرے مرحلے کے تحت 22 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں