وزیراعظم

این آر او کے لیے بے چین اپوزیشن عوام کی جان اور روزگار تباہ کرنے پر تلی ہے، وزیراعظم

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ کروناوائرس کے کیسز میں ایسے ہی اضافہ ہوتا رہا تو ملک میں مکمل لاک ڈاون کرنے پر مجبور ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم نے ٹوئٹ کیا کہ پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر تشویشناک ہے، گزشتہ 15دن میں وینٹی لیٹرز پر کرونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کرونا کی دوسری لہر جاری ہے، دوسری لہر کے باعث مختلف ممالک میں لاک ڈاون ہے، پی ڈی ایم جان بوجھ کر جلسے کرکے عوام کی زندگی خطرے میں ڈال رہی ہے۔

عمران خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کیسز میں ایسے ہی اضافہ ہوتا رہا تو مکمل لاک ڈاون کرنے پر مجبور ہوں گے، این آر او کے لیے بے چین اپوزیشن عوام کی جان اور روزگار تباہ کرنے پر تلی ہے۔