ہمایوں اخترخان 185

این آراو دیدیں یہی اپوزیشن ملک میں دودھ ،شہد کی نہریں بہنے کے سر ٹیفکیٹ دے گی،ہمایوں اخترخان

ؒلاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ جس طرح پی ڈی ایم کا اتحاد کئی جماعتوں پر مشتمل ہے اسی طرح ان کے ذاتی مفادات کا بیانیہ بھی الگ الگ پردے میں لپٹاہوا ہے ،

مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کا ستیا ناس نہیں بلکہ سوا ستیا ناس کرکے گئی ، سابقہ دور میں تاریخ کے مہنگے ترین کمرشل قرضے لئے گئے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ،اپوزیشن سامنے بیٹھ کربات کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتی اس لئے ” میں نہ مانوں “ کی رٹ لگارکھی ہے ۔

پارٹی دفترمیں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اخترخان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے وفاق اور صوبوں میں اقتدار کی باریاں لیں اور یہ چند سالوں نہیں بلکہ دہائیوں پر مشتمل ہیں جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کو مرکزی حکومت میں آئے ہوئے تین سال کا عرصہ مکمل نہیں ہوااوراپنی ناکامیوں کابوجھ بھی اس کے کندھوں پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آج اپوزیشن کورعایتیں یا کسی صورت میں این آراو دینے کا اعلان کردیں تویہی لوگ ملک میں دودھ اور شہد کی نہریںبہنے کے سر ٹیفکیٹ بھی دیں گے لیکن وزیر اعظم برملاکہہ چکے ہیں یہ تباہی کاراستہ ہے ،ہم تسلیم کرتے ہیں ملک میںمہنگائی ہے لیکن اس پر قابو پانے کے لئے دن رات کاوشیں جاری ہیں۔

اپوزیشن کو قوم کے سامنے کرپشن سے توبہ تائب ہو کر شفافیت اور میرٹ پر چلنے کا وعدہ کرنا ہوگا بصورت دیگر اب ان کیلئے سیاست میںکوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کہہ چکے ہیں کہ حکومت نے اداروںکی بہتری کےلئے اصلاحات کی کڑوی گولی نگلی ہے اور یہ مراحل قطعی آسان نہیںہیں لیکن کسی کو توملک کو درست سمت میں ڈالنے کےلئے شروعات کرناتھی ۔

ہمایوں اخترخان نے کہا کہ مفادات کی جنگ میں ناکامی پر پی ڈی ایم اتحاد کی ہنڈیاں بیچ چوراہے پھوٹے گی اور یہ وقت زیادہ دور نہیں ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں