اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ اینی میشن اور ویڈیو گیمز سرٹیفکیشن پروگرامز نوجوانوں کے لیے گیم ہی نہیں گیم چینجر بھی ہوں گے ۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی ویڈیو گیمز پروگرامنگ کا ایک خصوصی پروگرام لا رہی ہے۔ اگرچہ معاشرے کی ترقی کے لیے تعلیم بنیادی کردار کرتی ہے، اور نوجوان نسل پڑھ لکھ کر ہی ملک کو ترقی کے راستے پر گام زن کرتی ہے، تاہم پاکستان میں سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کے باعث آج بھی ایک بڑا نوجوان طبقہ علم کا راستہ چھوڑ کر روزی روٹی کمانے میں جت جاتا ہے۔
اسی پسِ منظر میں وفاقی وزیر نے اپنے ٹویٹ میں نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا اگر آپ کو پڑھنے سے دل چسپی نہیں ہے اور آپ فون پر ویڈیو گیمز کھیلنے ہی سے رغبت رکھتے ہیں تو پھر تیاری کر لیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ویڈیو گیمز کے اس خصوصی پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ ہم 90 ارب ڈالر کی انڈسٹری کاحصہ بن سکیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اینی میشن اور ویڈیو گیمز سرٹیفکیشن پروگرامز نوجوانوں کے لیے گیم ہی نہیں گیم چینجر بھی ہوں گے۔