خالد مقبول صدیقی 55

ایم کیو ایم کے خمیر میں اشخاص کے نہیں نظریات کے تابع ہونا شامل ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مرکز بہادر آباد پر شعبہ جات کے ذمہ داران کی تربیتی نشست سے فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم یا تحاریک شخصیات سے نہیں بلکہ نظریات سے اپنے مقاصد کو حاصل کرتی ہیں رہنما قوم کو راہ دکھاتے ہیں نہ کہ خود کے لئے راستہ بناتے ہیں، ایم کیو ایم کے خمیر میں اشخاص کے نہیں نظریات کے تابع ہونا شامل ہے جو اس سے تہی دامن ہوا وہ تنظیم کا نہیں ذاتی انا کا قیدی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ شخصیات کی پرستش و تشہیر نے ہر دور کی تحاریک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے،

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وفاداری اور عزت کمائی جاتی ہے مانگنے والا خود ستائشی کے فریب میں مبتلا ہے، ایم کیو ایم کی دعوت شمولیت ہی ذاتی انا کو فنا کرنا اور خود کو قوم پر قربان کرنا ہے، ایم کیو ایم لیڈر نہیں ذمہ دار پیدا کرتی ہے اور ذمہ دار قوم کے سامنے قابلِ احتساب اور جواب دہ ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہر دور میں عتاب کا شکار بننے کے باوجود ایم کیو ایم قوم کو پہچان دلوا کر اپنے مقصد میں کامیاب رہی مگر چند مفاد پرست حق پرستی کے کارواں کو سبوتاژ کرنے کے عمل میں ہمیشہ سرگرم رہے، خود ستائشی کا شکار افراد تحریک کے لئے زہر قاتل ہیں .

تحریکیں اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے صدیوں کا سفر طے کرتی ہیں ایم کیو ایم آہستہ ہی سہی مگر درست سمت میں اپنے مقاصد کو حاصل کرتے ہوئے کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے تعداد کی کمی کبھی ایم کیو ایم کا مسلئہ نہیں رہی، اپنی فکر انگیز گفتگو میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کارکنان یاد رکھیں کہ ہر وہ عمل جو ذاتیات یا خود نمائی پر مبنی ہو وہ تنظیم کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی ہے کارکنان افواہوں پر کان نہیں دھریں بلکہ ایم کیو ایم کو اس کے اصل کی جانب واپس لے جانے میں معاون و مددگار بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں