مصطفی کمال

ایم کیو ایم بازاری پارٹی بن گئی ہے، مصطفی کمال

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے اپوزیشن اور متحدہ قومی مومنٹ میں معاملات طے پانے پر کہا ہے کہ صرف حکومت نہیں اپوزیشن کا بھی دھڑن تختہ ہوگیا ہے، سب کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح تو منڈیوں میں جانور بھی نہیں بکتے ، جیسے ملک کے منتخب نمائندے بک رہے ہیں۔

سب کی غلاظت باہر آگئی ہے۔ ایم کیو ایم پر الزام لگاتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان بازاری پارٹی ہے۔

ان کو قیمت دو اور ان کو استعمال کرو۔ حد تو یہ ہے کہ خود وفاقی وزرا اپنی حکومت گرانے کیلئے زرداری اور اپوزیشن کے ساتھ مل بیٹھ کر مذاکرات کر رہے ہیں، یہ کتنا بڑا مذاق ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی اپنے حقوق کیلئے زرداری سے مل رہے ہیں یا اپنی وزارتوں کیلئے۔ پی ایس پی چیئرمین نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہنی مون 2 ماہ سے زیادہ نہیں چلے گا۔