شہباز اکمل جندران۔۔۔
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے سابق ایم ڈی رائے منظور ناصر کے متعلق یہ بات سامنے آئی ہے کہ انہیں بورڈ کے ملازمین نے اپنی جیب سے خرید کرلاکھوں روپے مالیت کا کئی تولے وزنی سونے کا تاج پہنایا۔

رائے منظور ناصر گزشتہ سال پی سی ٹی بی میں بطور ایم ڈی تعینات رہے۔اس دوران انہوں نے ملازمین کے الاونس میں خاطر خواہ اضافہ کیا جس کے جواب میں تمام ملازمین نے مل کر ان کے لیے کئی تولے وزنی طلائی تاج خریدا اور ایک تقریب منعقد کی جس میں یہ تاج رائے منظور ناصر کو پہنایا گیا۔جس پر سابق ایم ڈی کی خوشی دیدنی تھی۔

ذرائع کے مطابق سونے کا یہ تاج رائے منظور ناصر پہلے ہی دن ساتھ گھر لے گئے اور اسے پی سی ٹی بی کی بجائے ذاتی ملکیت قرار دیا۔
پی سی ٹی بی کے موجودہ ایم ڈی کی طرف سے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اور پبلک انفارمیشن افسر پی سی ٹی بی راناطارق محمود نے تحریری طورپر آگاہ کیا ہے کہ بورڈ اس تاج کے متعلق کچھ نہیں جانتا یہ رائے منظور ناصر اور پی سی ٹی بی کی یونین کے مابین معاملہ ہے وہی بتا سکتے ہیں کہ تاج اس وقت کہاں واقع ہے۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ سول سرونٹ سرکاری ملازمین سے سونے کا تاج جیسی کوئی بھی چیز بطور گفٹ قبول نہیں کرسکتا یہ رشوت کے ذمرے میں آتا ہے۔اور ایسا کرنے سے رائے منظور ناصر پرسوال اٹھ سکتے ہیں۔