لاہور(زاہد انجم سے)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال نے ای این ٹی آپریشن تھیٹر کے تعمیراتی کام میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو 2ہفتے میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت میں کام مکمل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ محکمے کو اس بارے آگاہ کیا جائے گا۔
ہیلتھ پروفیشنلز، مریضوں و لواحقین سے گفتگو میں ایم ایس نے کہا کہ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر محمد الفرید ظفر نے ایل جی ایچ کے تمام شعبوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور مریضوں کیلئے ذیادہ سے ذیادہ آسانیاں پیدا کرنے کا خصوصی ٹاسک دیا ہے، جسے وہ ہر صورت پورا کرنے کیلئے دن رات کوشش کریں گے۔ پروفیسر آف ای این ٹی ڈاکٹر محمد الیاس نے اپنے شعبے میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی بارے بریفنگ میں بتایا کہ ناک کان گلہ کے آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر فریاد حسین نے ای این ٹی وارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا، تمام ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے پوچھا۔
ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے اس موقع پر ہدایت کی کہ مریضوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے تحت صاف ستھرا ماحول یقینی بنایا جائے تاکہ انفیکشن، بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔