لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وذزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ایل این جی معاہدوں کی وجہ سے گیس کے فکسڈ چارجز میں اضافہ کرنا پڑا،ہم ایل این جی معاہدوں میں پھنسے ہوئے ہیں ، اس لیے مہنگی گیس خریدنی پڑتی ہے،ایل این جی معاہدوں پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ بجلی صارفین میٹر ریڈنگ خود ایپ پر اپ لوڈ کرسکیں گے اور اس اقدام سے اووربلنگ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈسکوز نے پچھلے سال 110 ارب روپے کی اووربلنگ کی تھی اور اس سال وہ پیسے صارفین کو واپس دلوائے ہیں جبکہ اس سال نقصانات کی مد میں 127 ارب روپے کی کمی کی ہے اور اس سال اووربلنگ کی شکایات بہت کم موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ صرف ایک سال میں 170 ارب روپے کی بجلی چوری روکی ہے۔