پشاور(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایف سی کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،ایف سی شہداءپیکج میں اضافہ کیا جائیگا،درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، ایف سی کے نڈر جوانوں نے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
جمعرات کو وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد فرنٹیئر کانسٹبلری ہیڈ کوارٹر پہنچے جہا ں پر ایف سی کے جوانوں کے چاک و چوبند دستے نے وفاقی وزیر برائے داخلہ کو سلامی پیش کی۔ وفاقی وزیر برائے داخلہ نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداءپر پھول رکھے اور شہداءکی بلند درجات کیلئے دعا کی۔
فرنٹیئر کانسٹبلری کے حوالے سے کمانڈنٹ معظم جا انصاری نے بریفننگ دی جس میں انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ کی آمد سے ایف سی جوانوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں،سندھ میں جیلوں اور فارن دفاتر کی سیکورٹی کی خدمات بھی ایف سی انجام دے رہی ہے،گزشتہ دو سالوں میں ایف سی کے 11 جوانوں نے جان کے نذرانے پیش کئے جبکہ 27 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا،سیکشن تھری کے تحت ایف سی بارڈر اور ملحقہ علاقوں کی سیکورٹی سمیت اقتصادی راہداری، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، واپڈا، سوئی گیس، این ایچ اے سمیت اقوام متحدہ میں ایف سی کی مستقل نمائندگی موجود ہے۔
اس مواع پر وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ایف سی کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،محدود وسائل میں امن و امان کے قیام کیلئے ایف سی کی قربانیاں اور خدمات قابل ستائش ہیں،ایف سی شہداءپیکج میں بھی اضافہ کیا جائیگا۔درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،اپنے لہو سے امن کے دئیے جلانے والے شہدائ کی یاد قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیگی،ڈیڑھ ماہ میں فرنٹیئر کانسٹبلری کے مسائل حل کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا ایف سی کے نڈر جوانوں نے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔