کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے ایف بی ایریا بلاک 20 میں غیر قانونی بال رومز چلانے کیخلاف درخواست پر ایس بی سی اے، بلڈر اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 27 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو ایف بی ایریا بلاک 20 میں غیر قانونی بال رومز چلانے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل کنور مجاہد علی خان ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ایف بی ایریا بلاک 20 میں 600 گز پلاٹ پر گراونڈ پلس فائیو عمارت تعمیر کی گئی۔ ایس بی سی اے کی ملی بھگت سے پانچ منزلہ عمارت پر پانچ غیر قانونی بال روم چلائے جارہے ہیں۔ عمارت میں پارکنگ بھی قائم نہیں کی گئی۔
قانونی طور پر شادی حال 2 ہزار اسکوائر گز کی زمین پر تعمیر کیا جاسکتا ہے۔ غیر قانونی بال رومز ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے ایس بی سی اے، بلڈر اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 27 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔









