اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)ایف بی آر نے سٹیل مصنوعات کی کم از کم نئی قیمتوں کا تعین کر دیا ،قیمت کا تعین مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں سٹیل مصنوعات میں اضافہ کے پیش نظر کیا گیا،ایف بی آر نے ایس آر او 985 بتاریخ 4 اگست 2021 کے تحت سٹیل مصنوعات کی کم از کم قیمت میں اضافہ کر دیا ہے ،اس سے پہلے سٹیل مصنوعات کی قیمت کا تعین ایس آر او 992 کے تحت 4 ستمبر 2019 کو کیا گیا تھا ،ایف بی آر سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی شق 2 ذیلی شق 46 کے تحت سٹیل مصنوعات کی کم از کم قیمت کا تعین کرنے میں بااختیار ہے،
نئی قیمتوں کے مطابق سٹیل بار کی قیمت کا تعین 1 لاکھ 40 ہزارروپے، سٹیل بلٹ 1لاکھ 25 ہزار روپے ، سٹیل انگوٹس اور شپ پلیٹس 1 لاکھ 20 ہزار روپے، سکریپ کی قیمت 1 لاکھ 18 ہزار روپے فی میٹرک ٹن مقرر کی گئی ہے ۔ ایف بی آر کے مطابق سٹیل مصنوعات کی مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافہ کی وجہ سے نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے ، اس کا مقصد ہے کہ ٹیکس ہدف میں نقصان نہ ہو ۔ایف بی آر کے مطابق مستقبل میں قیمتوں کا تعین سہ ماہی بنیادوں پر کیا جائے گا