اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے گزشتہ دو ماہ کے دوران 850 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا، یہ مقررہ ہدف سے 23 فیصد زیادہ ہے۔
بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ٹیکس وصولیوں سے متعلق خوش خبری سنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی اور اگست 2021 کے دوران مجموعی طور پر 850 ارب روپے ٹیکس جمع کیا۔ عمران خان نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں جمع ٹیکس مقررہ ہدف سے 23 فیصد زیادہ ہے۔ جب کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں جمع ٹیکس میں 51 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیکس وصولی کی اسی شرح سے 5 ہزار 829 ارب روپے کا سالانہ ٹیکس ہدف ان شا اللہ حاصل ہو جائے گا۔