اسلام آباد ( رپورٹنگ آن لائن) ایف بی آر نے تمام ممکنہ ٹیکس دہندگان سے ٹیکس وصول کرنے کیلئے نئے منصوبے پر کام شروع کر دیا ۔ ایک انٹرویومیں ایف بی آر کے چیئرمین اشفاق احمد نے بتایا کہ تمام ممکنہ ٹیکس دہندگان سے ٹیکس وصول کرنے کیلئے ایک نئے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے انکم ٹیکس کمشنرز ٹیکس نیٹ سے باہر کے شعبوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے طریقوں پر کام کر رہے ہیں۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ انہوں نے اِن لینڈ ریونیو سروس کے انٹیلی جنس اور تحقیقات کے محکمے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے کام کو قابل ٹیکس رقم کی وصولی کے بجائے تحقیقات اور تفتیش تک محدود رکھے۔
انہوںنے کہاکہ ماضی میں محکمے کے کام کا طریقہ انکم ٹیکس قانون کے منافی تھا، انہوں نے کہا کہ قانون ٹیکس چوروں سے چھان بین اور رقم کی وصولی کی اجازت نہیں دیتا۔ان کے مطابق بے نامی کیسوں میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کے کام میں کوئی سست روی نہیں ہے اور ان کے مطابق اس میں’کئی گنا اضافہ’ ہوا ہے۔