مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن) ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیاء یونیورسٹی رینکنگ 2023 کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پنجاب میں دوسرے نمبر پر، پاکستان بھر میں تیسرے نمبر پر جبکہ عالمی سطح پر 136ویں بہترین جامعات میں شامل ہو گئی ہے۔ قلیل عرصہ میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد معیار تعلیم، جدیدتحقیق، اور بہترین سٹوڈنٹ ٹیچر ریشو کے اعتبار سے عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی بہترین جامعات میں شمار ہونے لگی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ شعبہ جات کی بہترین کارکردگی، ریسرچ پروجیکٹ کی تعداد میں اضافہ، یونیورسٹی میں قابل اور پی ایچ ڈی ڈگری کے حامل اساتذہ کی میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں، عارضی ملازمین کی مستقل بنیادوں پر تقرری، طبی سہولیات کی فراہمی سے لے کر یونیورسٹی کے مالی معاملات میں شفافیت، پنشن فنڈ کا قیام، انڈومنٹ فنڈ کے قیام جیسے عوامل مل کر یونیورسٹی کی بہترین رینکنگ کا سبب بنے۔ حالیہ رینکنگ کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی یونیورسٹی کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
اس قابل فخر اعزاز پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین کی طرف سے ڈائریکٹر کیو ای سی پروفیسر ڈاکٹر عاصم منشائ اور ان کی پوری ٹیم، اساتذہ، یونیورسٹی انتظامیہ، اور طلباء کو دلی مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کوالٹی انہاسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر اور عملہ کو مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے مزید جمع کوششوں کے لیے حوصلہ افزائی کی۔









