لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اورویکسی نیشن کے حوالے سے حکومتی پالیسیاںآدھا تیتر آدھا بٹیر جیسی ہیں ،حکومت فیصلوں سے آگاہی او ران پر عملدرآمد کے حوالے سے فوکل پرسنز کی تعیناتی کرے جو تاجروں اور پالیسی بنانے والوںکے درمیان پل کا کردار ادا کریں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ کیا کبھی خوف و ہراس پھیلانے اور ڈنڈے کے زور پر کسی پالیسی کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے بلکہ اس سے چور دروازے کھل جاتے ہیں اورحکومتی پالیسیاں کامیابی کی بجائے ناکامی سے دوچارہوتی ہیں۔ حکومت کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے بلا تعطل موثر تشہیری مہم چلائے اور اس کے ساتھ ساتھ کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے عوام کو آگاہی دی جائے ۔
ویکسی نیشن کے حوالے سے عوام کے ذہنوں میں پائے جانے والے خدشات کو دور کیا جائے ، بیرون ممالک کی جانے والی ویکسی نیشن کی ویڈیوز دکھائی جائیں ، حکمران ،سیاستدان، مختلف شعبوں کی نامور شخصیات اور سرکاری افسران کو عام سنٹرز پر ویکسی نیشن کراتے ہوئے دکھایا جائے تاکہ عوام کے خدشات دور ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کی ایک صوبائی وزیر کی یہ کہتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہے گی کہ نہ میں نے ویکسی نیشن کرانی ہے اور نہ میرے سیکرٹریز کرائیں گے ، ویکسی نیشن کے سائیڈ افیکٹس ہیں توپھر لوگوں کے ذہنوں میں خدشات آتے رہیں گے ، اس کے تدارک کیلئے حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ لوگ خود اس جانب راغب ہوں۔