لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پاکستان،ایران گیس پائپ لائن پر کام کا آغاز کرکے اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، بھارت نے ایران اسرائیل جنگ میں تہران کا ساتھ نہیں دیا، پاکستان کا موقف واضح تھا، وقت آگیا ہے پاکستان، ایران، افغانستان، بنگلہ دیش اور ترکی دفاعی تعاون کا معاہدہ کریں اور یک طرفہ امریکی بالادستی کے خاتمے اور دنیا میں طاقت ور بلاک کے قیام کے لیے چین اور روس کو بھی ساتھ ملائیں۔
جمعرات کے روز منصورہ میں امیر جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ساجد ناموس بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے چینی کی پہلے برآمد بعدازاں درآمد اور پنجاب حکومت کی آڈٹ رپورٹ میں کھربوں کی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے بھی مطالبات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چچا بھتیجی نام نہاد سکیموں کے افتتاح اور ترقی کے نام پر عوام کو بے وفوف بنا رہے ہیں اور عوام کے ٹیکسوں سے ذاتی تشہیر کررہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت شرح سود میں رواں برس پانچ فیصد کمی کرے اور آئندہ برس اسے مکمل طور پر ختم کیا جائے، بجلی کی قیمتیں لاگت کے مطابق کی جائیں اور آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمے پر پیش رفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔حالیہ بجٹ کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ سولر پینل پر کسی قسم کی ڈیوٹی نہیں لگنی چاہیے۔ حکمرانوں نے زراعت کا بیڑہ غرق کردیا ہے اور اس تباہی میں پنجاب حکومت کا سب سے زیادہ کردار ہے، چھوٹا کسان پریشان، ٹیکسوں کا بوجھ عام افراد پر ڈالنے کی بجائے حکمران اپنی مراعات کم کریں۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہ داروں پر ٹیکس ختم جبکہ بڑے جاگیرداروں پر لگایا جائے۔ تعلیم کا شعبہ تباہ حال ہے، دوکروڑ بانوے لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ وزیراعظم تعلیمی ایمرجنسی لگانے کے دعوے کرتے تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف استقامت دکھانے پر ایران کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ امریکہ کی مکمل پشت پناہی کے باوجود حماس اور ایران نے اسرائیل کو شکست سے دوچار کیا اور اسے بے نقاب کردیا ہے۔ پاکستانیوں کی طرح ایرانی قوم بھی بیرونی جارحیت کے خلاف متحد ہوئی اور دشمن کو دھول چٹائی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان نیبھارت کو شکست دے کر دنیا میں اپنی طاقت کا لوہا منوایا، اب پاکستان کے حکمران امریکی خوف سے نکل کر آزاد خارجہ پالیسی بنا کر اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کی حکمران اور اپوزیشن جماعتیں امریکہ کے خلاف بات نہیں کرتیں، حکومت کی جانب سے ٹرمپ کی نوبل انعام کے لیے نامزدگی قومی وقار کے منافی ہے اس اعلان سے دستبرداری کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ حق خودارادیت کے علاوہ کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی یا اس کے بغیر بھارت سے کسی قسم کے مذاکرات قبول نہیں۔ ٹرمپ نے غزہ میں صہیونی سفاکیت کا کھل کر ساتھ دیا، افسوس اسلامی ممالک کے حکمرانوں نے حماس کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ امت متحد ہوکر ہی دشمن کا مقابلہ کرسکتی ہے، او آئی سی اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہل فلسطین نے تاریخ رقم کردی، غزہ میں فوری جنگ بندی کرائی جائے، حکومت پاکستان میں حماس کو دفتر کھولنے کی اجازت دے۔